اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منائے گی، 25 جولائی کے انتخابات میں عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی، لوٹ مار کرنے والے عبرت کا نشان بن رہے ہیں، قوم نے موروثی غلام مسترد کر دی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے، آج ان عناصر کی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا 25 جولائی عوامی شعور کے اظہار کا دن ہے، اس دن عوام کے کندھے کرپٹ عناصر کی بے ساکھی نہیں بلکہ پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے مشن کا مضبوط سہارا بنے، آج سیاسی ایوانوں کو ذریعہ روزگار بنانے والوں کو نظام سے باہر پھینک دیا گیا تھا، دو خاندانوں نے باری باری اقتدار کا کھیل رچا کر عوام کا بدترین استحصال کیا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے کامیاب دورہ امریکہ سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی، موجودہ دورہ میں وہ کامیابیاں حاصل ہونگی، جن کی کوئی مثال نہيں ملتی، امریکی قیادت نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا ہے۔