مریم نواز کی نادانیاں ان کا خاندان بھگت چکا، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 21 July,2019 05:47 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نادانیاں ان کا خاندان بھگت چکا ہے، اب وہ وزیراعظم عمران خان کے بغض اور حسد میں پاکستان کا نقصان کر رہی ہیں۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست کی راجکماری نے حقائق کو مسخ کیا انھیں ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجکماری نے کل ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم افواج پاکستان کے سربراہ کو ساتھ لے کر گئے، ان کی یادداشت جواب دے چکی ہے۔ چند ماہ پہلے کٹھ پتلی شاہد خاقان کیساتھ دورہ سعودی عرب میں جنرل باجوہ ہمراہ تھے۔ نواز شریف کے دورہ سعودی عرب جنرل راحیل شریف ان کے ساتھ گئے تھے جبکہ یوسف رضا گیلانی کے دورہ امریکا میں جنرل اشفاق پرویز کیانی ان کے ساتھ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ذات پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ان کی شناخت دنیا میں ہیرو کے طور پر مانی جاتی ہے، وہ امریکا میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی نابالغ اثاثے بچانے کے لیے جمہوریت کو ڈھال بناتے اور مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے مظاہرے کرواتے ہیں۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قبائلی علاقوں میں ضمانتیں ضبط ہوئیں، قبائلیوں نے دونوں جماعتوں سے کل لاتعلقی کا اعلان کیا۔ قبائلی اضلاع الیکشن میں آزاد امیدواروں کے جیتنے کا مطلب تحریک انصاف کی ہی جیت ہے۔ آزاد امیدواروں کی اکثریت زیادہ تر پی ٹی آئی کے ہی لوگ ہیں۔ اب قبائلی علاقوں میں تعمیر وترقی کا نیا سفرشروع ہوگا۔ قومی کاز کو سپورٹ کرنے پر میڈیا کو سلام پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کا آغاز اپنی ذات سے کیا اور دورہ امریکا میں سادگی کی مثال قائم کی۔ سابق حکمران 777 بوئنگ طیاروں میں سفر کرتے تھے لیکن وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ بیرون ملک دوروں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا، وہ کمرشل فلائٹ کے ذریعے امریکا گئے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر آئینی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد آئی ہے۔ آئینی طریقے سے اپوزیشن کو چاروں شانے چت کریں گے۔ نوری نت اور مولا جٹ کی بڑھکیں ہم نے بجٹ کے دوران بھی سنی تھیں۔ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا وقت آئے گا تو حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔ جو قانون کیساتھ کھلواڑ کرے گا، اس کو کسی جگہ بھی تحفظ نہیں ملے گا۔