اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج شہباز شریف کے چہرے کا زرد رنگ ثابت کر رہا تھا کہ قانون اپنا رنگ دکھا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری میں وزیراعظم کو گھسیٹنا نواز لیگ کی عداوت اور حسد کو ظاہر کرتا ہے۔ شہباز شریف آہ وبکا کر رہے ہیں۔ خدا کی مخلوق کا استحصال کرنے والے کو آج شام غریباں سنانی پڑی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد اور ادارے بااختیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ کوئی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں سب کا بلا تفریق احتساب ہوگا، کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر جنگلات پنجاب نیب کی حراست میں ہے، ایسی کوئی مثال (ن) لیگ کے دور میں نہیں ہوئی۔ علی عمران شہباز شریف کے واقعی داماد ہیں تو انہیں واپس لانا چاہیے۔ اگر انہوں نے کچھ نہیں کیا تو انگلیاں لہرانے کے بجائے عدالتوں میں بے گناہی کا ثبوت دیں۔