’جج ارشد ملک نے بیان حلفی نہیں، آل شریف کیخلاف چارج شیٹ پیش کی‘

Last Updated On 12 July,2019 10:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جج ارشد ملک نے محض بیان حلفی نہیں بلکہ آل شریف کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔

 

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چارج شیٹ سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کا اصل مطلب سمجھاتی ہے، بیان حلفی ثبوت ہے کہ آل شریف نہ تو معصوم ہے اور نہ ہی مظلوم، جسٹس قیوم کی ٹیپ ہو یا جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر لیگی بلوائیوں کا حملہ، رفیق تارڈ کا بریف کیس ہو یا دیواریں پھلانگ کر سپریم کورٹ پر حملہ، یہ شرمناک اقدام ملکی تاریخ کے ساہ ترین باب ہیں۔

مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے لیڈر اقتدار میں ہوں تو محافظوں کے گلے پکڑتے ہیں، ن لیگ کی قیادت مشکل میں ہو تو پاؤں پڑ جاتی ہے، میاں شریف صاحب کی مالی حیثیت پر بھی خاندان میں اتفاق نہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ابا غریب، نواز کا امیر، ان کی تاریخ کرپشن، رشوت اور بلیک میلنگ سے عبارت ہے، منفی ہتھکنڈے کامیاب نہ ہوں تو عابد باکسر اور ناصر بٹ جیسے اجرتی قاتل استعمال کرتے ہیں۔