’اپوزیشن کی پنجہ آزمائی بجٹ میں آزما چکے،اب سینیٹ کو مستحکم کرینگے‘

Last Updated On 11 July,2019 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی پنڈت سینیٹ کو اپنی خواہش کے تحت چلانے پر بضد ہیں، قوم کسی سیاسی ایڈونچرازم کی متحمل نہیں ہو سکتی، حکومت صادق سنجرانی کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق حکومت میں اداروں کیساتھ کھلواڑ ہوا۔ پاکستان میں جمہوریت کوٖ ڈھال بنا کر اداروں کو کمزور کیا گیا۔ سیاسی اداکاروں نے اداروں کو کمزور کر کے انہیں اپنے تابع کیا۔ سیاست کے بارہویں کھلاڑی باہر بیٹھ کر پارلیمنٹ کو ڈکٹیٹ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی لشکر کشی کا اگلا ہدف سینیٹ ہے لیکن سیاسی طور پر انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام سیاستدان کی سوچ اگلے الیکشن تک محدود ہوتی ہے لیکن حقیقی لیڈر آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے سوچتا ہے۔ حقیقی لیڈروں کو ووٹ بینک کے بجائے قوم کے مستقبل کی فکر ہوتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اداروں کو اپنے تابع رکھنے والوں کیلئے سینیٹ کا آزاد کردار ناگوار گزر رہا ہے۔ کچھ سیاسی پنڈت ضد کر بیٹھے ہیں کہ سینیٹ ان کی خواہش پر چلنا چاہیے۔ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے۔ عوام سوال کر رہے ہیں کہ صادق سنجرانی نے ان کی شان میں کون سی گستاخی کر دی ہے؟ کیا چیئرمین سینیٹ نے آئین کی خلاف ورزی کی؟

انہوں نے کہا کہ سیاسی ایڈونچرازم کی قوم متحمل نہیں ہو سکتی۔ حالات اس قسم کی پنجہ آزمائی کی اجازت نہیں دیتے۔ ہم ادارے کے تقدس کو بچانے کے لیے سینیٹ کو مستحکم کریں گے۔ اپوزیشن سیاسی طور پر کچھ حاصل نہیں کر پائے گی، اپوزیشن کی پنجہ آزمائی ہم بجٹ میں آزما چکے ہیں۔