حکومت نے ویڈیو کی فرانزک کرانے کا اعلان کردیا

Last Updated On 07 July,2019 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آڈیو ویڈیو بنانے اور چلانے والے دونوں کردار سند یافتہ جھوٹے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک قاتل دوسری کیلبری فونٹ کی معروف جعلساز ہے۔ وارداتی ٹولے نے حقائق مسخ کئے، اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہوں گی۔ لیگی صدر خاتون کے سامنے یرغمال بنے نظر آئے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک قاتل اور غنڈہ گینگ کا سربراہ جبکہ دوسری کیلبری فونٹ کی معروف جعلساز بے۔ یہ وہ کردار ہے جو بےنامی دار ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سرکاری خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے اور عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے مال مسروقہ کی برآمدگی جاری رہے گی۔ نوازشریف جیل میں ہیں تو مریم صفدر بتائے کس حیثیت میں بغیر کسی استحقاق اتنا عرصہ سرکاری بلٹ پروف کار استعمال کر رہی تھیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ جنہیں سرکاری خزانے میں نقب لگانے کی عادت ہو انہیں جیب سے خرچ کرنا محال ہوتا ہے۔