کبھی جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں‌ گا، وزیراعظم کا امریکہ سے واپسی پر خطاب

Last Updated On 25 July,2019 07:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر استقبال کیلئے آئے پی ٹی آئی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم پر اللہ تعالی کا خاص کرم ہے، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں‌ آیا۔ مدینہ کے اصولوں‌ اور اقبال و قائداعظم کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو عظیم ملک بنائیں‌ گے، لٹیروں سے ایک ایک پیسے کا حساب لوں گا، خود کبھی جھکا ہوں نہ قوم کو جھکنے دوں‌ گا، وعدہ کرتا ہوں‌ قوم کو مایوس نہیں‌ کروں‌ گا۔

عمران خان دورہ امریکہ کے بعد وطن پہنچے تو وفاقی وزرا، اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ائیرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا، فواد چودھری، مشیر خصوصی فردوس عاشق اعوان، غلام سرور خان، مراد سعید، علیم خان، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کارکنان نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ان کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ وزیراعظم نے رات گئے استقبال کیلئے آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ قوم کو جھکنےدوں گا، بھیک مانگنے اور کسی طاقتور کے سامنے جھک کر کوئی قوم نہیں بنتی،جو اپنی عزت کرتا ہے دنیا اسی کی عزت کرتی ہے۔ اداروں میں اصلاحات لائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے، وعدہ کرتا ہوں قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چوروں نے اس ملک کو مقروض کر کے مشکل حالات میں چھوڑ دیا، لٹیروں سے ایک ایک روپے کا حساب لیں گے، غریب لوگوں کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ بیرون ملک درخواست کی ہے کہ غریبوں کا پیسہ وطن لانے میں ہماری مدد کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک وقت آئے گا جب پاکستانی پاسپورٹ کی دنیا بھرمیں عزت ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کہا جا رہا ہے، صدر ٹرمپ سے ملاقات میں جہاں دونوں ممالک کے طویل عرصہ سے کشیدہ تعلقات میں بہتری آئی ہے وہاں خطے کے دیگر معاملات میں پاکستان کی اہمیت بھی بڑھتی دکھائی دیتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے عمران خان سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا اور آئندہ بھی نبھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے حق میں امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد بھی پیش کی گئی، قرارداد میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا خیر مقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کو ایماندار اور بہادر قیادت میسر آئی۔ عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کیخلاف جدوجہد کر رہے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان کے خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی۔

وزیراعظم واشنگٹن سے جب پاکستان کیلئے روانہ ہوئے تو قطر میں مختصر قیام کیا، اس دوران قطری وزیراعظم عبدالله بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات ہوئی جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ہوا بازی، زراعت، سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، افرادی قوت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے عزم کو بھی دہرایا گیا۔ قطری وزیراعظم نے عمران خان اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

قطر میں قیام کے بعد وزیراعظم پاکستان کیلئے روانہ ہوئے، ان کی فلائٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گزشتہ رات ڈیڑھ بجے لینڈ ہوئی۔

 

Advertisement