لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں‌ بارش، موسم خوشگوار

Last Updated On 25 July,2019 07:32 am

کراچی: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بادل چھلک پڑے، موسم خوشگوار ہوا تو شہری بارش کا مزا لینے کے لئے گھروں سے نکل آئے۔ محکمہ موسمیات نے اسی ہفتے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

کراچی میں دن بھر دھوپ اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد رات میں کہیں ہلکے تو کہیں تیز بادل برس ہی پڑے۔ مختلف علاقوں میں آئی چندریگر روڈ، صدر، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، لالوکھیت، لیاقت آباد اور عائشہ منزل سمیت ملحقہ علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل پڑیں۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش نے رنگ جمایا۔ لاہور کے بعض علاقوں میں رات جبکہ صبح بھی موسلادھار بارش ہوتی رہی۔

بارش کا مزا لینے کے لئے شہری گھروں سے باہر آئے اور ڈھابوں کا رخ کیا۔ کہتے ہیں کہ اب جم کے بارش ہو تو مزہ دوبالا ہوجائے۔ دوسری جانب موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ جولائی کے آخر اور اگست کے آغاز میں تیز بارش ہونے کی امید ہے۔