کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

Last Updated On 26 July,2019 07:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں کے علاوہ کراچی میں چھاجوں چھاج بارش برسی جس کے سبب موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے شہروں ٹوبہ ٹیک سنگھ، میاں چنوں، ساہیوال، بہاولنگر اور گردونواح میں رات گئے بادل خوب برسے، پنڈی بھٹیاں، پاکپتن اور اردگرد کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ 

بتایا گیا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے سے ان علاقوں میں حبس جاتا رہا اور بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواوں نے موسم سہانا بنا دیا۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کراچی کے علاقوں کارساز، شاہراہ فیصل، ملیر، ناظم آباد، نیو کراچی ، بفرزون، اورنگی ٹاون اور سرجانی میں ایسے مینہ برسا جیسے بادل زمین پر اتر آئے ہوں، شہری دن گرمی میں بارش سے پھولے نہ سمائے اور موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
 

Advertisement