ضلع کچہری میں نوجوان کو قتل کرنیوالے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Last Updated On 25 July,2019 04:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ضلع کچہری میں فائرنگ کر کے حراستی ملزم کو قتل کرنے والا ملزم ثقلین عرف علی حیدر کو پیش کر دیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں تفتیشی افسر انسپکٹر سعید نے درخواست کی کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

تفتیشی افسر انسپکٹر سعید نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزم کا 30 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا۔

عدالت کی طرف سے حکم دیا گیا ہے کہ ملزم سے تفتیش مکمل کر کے 8 اگست کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ ضلع کچہری کے احاطے میں ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزم کو دن دیہاڑے مسلح پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں مخالف نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا بعد ازاں سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم علی حیدر کومقامی لوگوں کی مدد سے پستول سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتول ندیم ارشد نے 5 سال قبل تھانہ چوہنگ کے علاقے میں فائرنگ کر کے علی حیدر کے بڑے بھائی عارف کو اعجاز کو شدید زخمی کرکے عمر بھر کے لیے معذور کر دیا تھا جس کا ملزم علی حیدر کو رنج تھا۔ مقتول 5 سال سے اقدام قتل کے زیر التوا مقدمے میں کیمپ جیل میں بند تھا اور گزشتہ روز پیشی پر کچہری آیا تھا۔