لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیات واپس لینے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو جیل میں سہولیات دینے یا واپس لینے کی مجاز اتھارٹی وزارت داخلہ ہے
کس قیدی کو جیل میں کون کونسی سہولت دینی ہے یا نہیں دینی یہ فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے۔ اس وقت وزارت داخلہ پنجاب نے نواز شریف کو جیل میں بی کلاس کی سہولت دے رکھی ہے۔ جیل حکام کے مطابق بی کلاس میں نواز شریف کو جیل میں ٹی وی، کرسی، میز، بستر، اخبار اور اے سی کی سہولت میسر ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی جیل ملک مبشر نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ قیدیوں کو جیل میں سہولیات سے متعلق محکمہ داخلہ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ جیل حکام کو کسی قیدی کو اضافی سہولیات دینے کا اختیار نہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے جیل میں ٹی وی اور اے سی کی سہولت واپس لینے سے متعلق محکمہ داخلہ کے احکامات موصول ہوتے ہی عمل کیا جائے گا ۔بی کلاس میں جیل حکام کے مطابق قیدیوں کو ناشتے میں ایک پراٹھا اور چائے فراہم کی جاتی ہے اور دوپہراور رات کے کھانے میں چھ روز گوشت اور ایک دن سبزی کے ساتھ دو روٹیاں فراہم کی جاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیلوں میں وی آئی پی کلاس ختم کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق احکامات جاری کرے گی ۔محکمہ داخلہ کے احکامات موصول ہوتے ہی آئی جی جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اعجاز اصغر کو احکامات جاری کریں گے ۔