لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے دورہ لاہور کے دوران وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے الگ الگ ملاقات کی اور اہم صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی ایک روزہ دورے پر لاہور آمد پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی، وزیر اعلی نے انہیں صوبائی حکومت کی کارکردگی، اہم منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی۔ وزریراعظم نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کریں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران کرتار پور راہداری، مذہبی سیاحت کے فروغ، 31 اگست کا بین الاقوامی سکھ کنونشن بارے بریف کیا۔ پنجاب مین پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ گردوارہ دربار صاحب اور کرتار پور کی اراضی میں توسیع کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔