لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، ارکان اسمبلی اور مقامی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ نے ننکانہ صاحب میں 13 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے علاقے کے پہلے ٹی ڈی سی پی موٹل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس موٹل میں سکھ زائرین اور دیگر سیاحوں کو قیام وطعام کی عمدہ سہولت میسر ہوگی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی 10 ایکڑ زمین پر تقریباً 6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی وزیراعظم عمران خان کے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے۔ بابا گرو نانک یونیورسٹی کے قیام سے ننکانہ صاحب اور گردونواح کے لاکھوں طلبہ مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ننکانہ صاحب شہر کی داخلی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے میگا پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا میگا پراجیکٹ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔