لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے انسانی آبادی کے سونامی کو روکنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے سماجی، ماحولیاتی اور معاشی مسائل میں اضافہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ پاپولیشن ڈے وسائل کے تناسب سے آبادی کی شرح برقرار رکھنے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ آبادی میں اضافے کے تناسب سے وسائل کا فروغ دنیا بھر میں چیلنج بن چکا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہر شہری کے بہتر معیار زندگی کیلئے آبادی کے سیلاب کے سامنے بند باندھنا ہوگا۔ سماج میں بہبود آبادی کا شعور بیدار کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ہر شہری کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہیں لیکن اس کیلئے بڑھتی ہوئی آبادی کے بارے میں ہر سطح پر غور وفکر ضروری ہے۔ حکومت صوبہ بھر میں یکساں ترقی کی پالیسی کے ذریعے بڑے شہروں میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔