لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسی کا محور انسانی وسائل کی ترقی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر معاشرے کے نظر انداز طبقے کے معاشی اور سماجی تحفظ کیلئے ”پنجاب احساس“ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 17 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں 65 سال سے زائد العمر شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا، اس کیلئے ”باہمت بزرگ پروگرام“ میں تین ارب روپے کا ابتدائی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد اور ان کے خاندان کی مالی مشکلات میں کمی کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سپیشل افراد کیلئے مخصوص ”ہم قدم“ پروگرام کے تحت پنجاب کے 2 لاکھ معذور افراد کیلئے ماہانہ مالی امداد کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بیواؤں اوریتیم بچوں کی کفالت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور یہی ریاست مدینہ کے ماڈل کی انفرادیت ہے کہ معاشرے کے کسی بھی طبقے کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا جاتا۔ حکومت بیوہ خواتین کی گزر اوقات کیلئے ماہانہ وظیفہ مقرر کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح خواتین کو معاشی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق پانچ سالہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت رواں مالی سال کے بجٹ میں 8 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تیزاب گردی کے شکار افراد کو نارمل زندگی کی جانب واپس لانا پورے سماج کی ذمہ داری ہے۔ حکومت تیزاب گردی کے شکار افراد کی بحالی کیلئے 10 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کر رہی ہے۔