عملی اقدامات کرکے عوام کو سہولتیں فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 17 July,2019 05:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے وہ کام کیے جن کی عوام کو ضرورت تک نہیں تھی، تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، بورڈ آف ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے، صنعت اور زراعت کے محکموں کی کا رکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں لاہورمیں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کرکے عوام کو سہولتیں فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران نمود ونمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے قومی وسائل ضائع کیے گئے۔ عوام کی بنیادی ضروریات کو یکسر نظر انداز کرکے مجرمانہ غفلت کی گئی۔ سابق حکمرانوں نے وہ کام کیے جن کی عوام کو ضرورت تک نہیں تھی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیرعلیٰ پنجاب نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایات جاری کیں اور حکم دیا کہ دریاؤں کے پانی کی گزرگاہوں سے تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں۔ انہوں نے ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر اور اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
 

Advertisement