وزیراعلیٰ پنجاب کا موسلا دھار بارش کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ

Last Updated On 16 July,2019 07:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی۔ وہ شملہ پہاڑی، بوہڑ والا چوک، مال روڈ، منٹگمری روڈ، لکشمی چوک، جی پی او چوک اور دیگر علاقوں میں پہنچے اور شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور انہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اور مشینری بروئے کار لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کو پانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

 

انہوں نے ہدایات جاری کی کہ انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں جبکہ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔

 

انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ میں عوام سے ہوں اور عوام کی مشکلات کے جلد ازالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے۔