وزیراعلیٰ پنجاب نے موبائل پولیس خدمت مراکز کے پروگرام کا افتتاح کر دیا

Last Updated On 13 July,2019 09:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گریٹر اقبال پارک میں پنجاب کے 36اضلاع کیلئے موبائل پولیس خدمت مراکز کے پروگرام کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے گریٹر اقبال پارک میں پولیس خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔

 

وزیراعلیٰ نے پولیس خدمت مرکزکا دورہ کیا اور موبائل پولیس خدمت مراکز کا معائنہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سردار عثمان بزدار کو پولیس خدمت مراکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز میں فراہم کی جانیوالی 14 سروسز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں کو دستاویزات کے حوالے سے بار بار چکر لگانے کی زحمت نہ دی جائے۔ سٹام پیپرز کی فراہمی خدمت مراکز پر ہونی چاہیے اوراس کیلئے بینک آف پنجاب کے کاؤنٹر خدمت مراکز میں قائم کیے جائیں۔ پولیس خدمت مراکز اور موبائل پولیس خدمت مراکزکے ذریعے ایف آئی آر کی کاپی اور دیگر خدمات کی بآسانی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور ان مراکز کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں مہیا ہو رہی ہیں۔ شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو سفر کی زحمت سے نجات ملی ہے اور ان مراکز کا قیام شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے رجحان ساز اقدام ہے۔ پولیس خدمت مراکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس اوردیگر خدمات کی فراہمی احسن اقدام ہے۔پولیس خدمت مراکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس خدمت مرکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 36 موبائل خدمت مرکز کا پراجیکٹ شروع کرتے ہوئے بے حد اطمینان محسوس کررہاہوں کیونکہ اب دور دراز اور دشوار گزار دیہات میں بسنے والے شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات ایک ہی جگہ پر بلکہ ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیس خدمت مراکز نہ صرف قائم ہو چکے ہیں بلکہ انتہائی کامیابی کے ساتھ عوام کو قابل قدر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار اک کہنا تھا کہ 2 سال کی قلیل مدت میں 25 لاکھ شہریوں کو سروس فراہم کرنا کامیابی کی ناقابل تردید دلیل ہے۔ عوامی خدمت کے اس سلسلے کو اب مزید تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔پولیس خدمت مراکز سے 6 ماہ کے قلیل عرصے میں تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ لوگ مستفید ہو چکے ہیں، جن میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس تصدیق اور میڈیکو لیگل سمیت 14 خدمات شامل ہیں اوربلاشبہ یہ قابل تحسین اقدام ہے۔