لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرپشن پر بڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہو رہے ہیں۔ لوٹ مار کا دور نئے پاکستان میں نہیں چل سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی۔ بدعنوان عناصر نے ملک وقوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔ ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان شفافیت کی طرف گامزن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جا چکی ہے۔