لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے 6 صوبائی وزرا کے محکمے تبدیل کر دیئے، منظوری وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے دوران دی جس کے بعد آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے صنعت و تجارت کے وزیر میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کا اضافی قلمدان سونپ دیا، صمصام بخاری کو محکمہ کنسولیڈیشن دیا گیا ہے۔ سوشل ویلفیئراور بیت المال کے محکمے وزیر قانو ن راجہ بشارت کے سپرد کئے گئے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کے وزیر ہمایوں یاسر سے سیاحت کااضافی قلمدان واپس لے لیا جس کا اضافی قلمدان یوتھ آفیئرز کے وزیر تیمور خان کو دیا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات کی وزارت وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پاس رکھی ہے، قبل ازیں یہ وزارت راجہ بشارت کو دی گئی تھی۔ محمد اجمل سے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی وزارت واپس لے لی گئی، ان کو چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی وزارت دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز پنجاب کابینہ میں ردوبدل کی منظوری دی تھی۔