لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میں انجینئرنگ اور ٹیکنیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ صرف اشد ضرورت کے تحت بھرتی کی جائے۔
اجلاس میں شاہکام چوک پر فلائی اوور کی تعمیر اور ڈیفنس روڈ سے لیبر کالونی شاہکام چوک تک سڑک کے توسیعی منصوبے کوجلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس منصوبے پر 3 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے لاہور کی سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنی حدود میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت یقینی بنائے۔ ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور ان کو منسوب ناموں کے مطابق اپ لفٹ کیا جائے گا۔
اجلاس میں امور میں شفافیت لانے کیلئے ایل ڈی اے کو مکمل طور پر آٹو میشن پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو زیادہ اور بروقت سہولتیں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے لاہور میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں ضروریات کے مطابق ترجیحات کا تعین کر کے اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحق پرانی سبزی منڈی میں ایک اور آئی ٹی ٹاور بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی تمام جزئیات جلد طے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔