لاہور: (دنیا نیوز) برطانیہ مے معروف بزنس مین انیل مسرت نے حکومت پنجاب کے تعاون سے صوبے کے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانوی بزنس مین انیل مسرت کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویژن میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہسپتال ان علاقوں میں بنانا چاہتے ہیں جہاں صحت کی سہولتیں کم ہیں۔
انیل مسرت نے کہا کہ ان ہسپتالوں میں عام مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور ٹراما سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔ ان ہسپتالوں کی اونرشپ کیلئے کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔
برطانوی بزنس مین انیل مسرت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے، وہ محنت اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز بھی عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ان کے عملی اقدامات سے خوش ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انیل مسرت کی جانب سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ہمارا مقصد عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ پنجاب حکومت عام آدمی کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ملتان میں اربوں روپے کی لاگت سے نشتر 2 ہسپتال بنایا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیک ہسپتال کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ شعبہ صحت میں نجی شعبے کی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھائیں، انھیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرمایہ کار نئے پاکستان میں وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارے دروازے سرمایہ کاروں کیلئے کھلے ہیں۔ تبدیل ہوتے پاکستان میں سرمایہ کار سے کوئی رشوت یا کمیشن نہیں لے سکے گا۔ سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل سرخ فیتے کی نذر نہیں ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے ہرسطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔