قلمدان تبدیل ہونے پر پنجاب کابینہ کے ارکان سیخ پاء

Last Updated On 20 July,2019 05:00 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمے تبدیل ہونے پر متعدد وزرا ناراض جبکہ کچھ وزرا کو انکے قلمدان تبدیل ہونے کی اطلاع ملی تو وہ غصے میں آ گئے۔

ذرائع کے مطابق صمصام بخاری سے بطور وزیر اطلاعات اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں نہ لینے پر وزیراعظم اور دیگر قیادت ناراض تھی، صمصام بخاری متعدد بار نجی محفلوں میں بھی ذکر کرتے تھے کہ وہ اپوزیشن کے خلاف کوئی بدزبانی نہیں کرتے اور مہذب انداز میں تقریر کرتے ہیں جس سے پارٹی قیادت ان سے خوش نہیں ہے اس لئے ہو سکتا ہے کہ کسی بھی وقت ان کا محکمہ تبدیل کر دیا جائے جبکہ صمصام بخاری بھی ا پنے حلقہ کے لوگوں کو نوازنے کے لیے وزارت اطلاعات کو اپنے لئے موزوں تصور نہیں کرتے تھے ، وہ سبطین خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد خالی ہونے والی وزارت محکمہ جنگلات ،ماہی پروری وائلڈ لائف حاصل کرنے کے لئے کوشاں تھے مگر یہ وزارت وزیر اعلیٰ پنجاب نے بدستور اپنے پاس رکھی ہوئی ہے جبکہ سید صمصام بخاری وزارت بلدیات کے بھی خواہاں ہیں ۔ صمصام بخاری کنسالیڈیشن کی وزارت ملنے سے خوش نہیں ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور سیاحت کا آپس میں کوئی تعلق نہ ہونے کے باعث وزیر ہائیر ایجوکیشن یاسر ہمایوں سے سیاحت واپس لے لی گئی ہے اور سپورٹس اور سیاحت کا محکمہ قریب ہونے کے باعث وزیر سپورٹس تیمور خان کو دونوں محکمے دے دئیے گئے ہیں ۔