لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں اسلحہ ڈیلرز کے سٹاک کا معائنہ کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق پولیس ٹیموں نے 458 اسلحہ ڈیلرز کے سٹاک اور لائسنس کی چیکنگ کی۔ سٹاک سے زائد اسلحہ رکھنے اور نامکمل ریکارڈ پر 15 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے، 18 اسلحہ ڈیلرز کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لودھراں اور پاکپتن سے غیر قانونی اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔ اسلحہ ڈیلرز سے 970 غیر قانونی ہتھیار اور 185225 گولیاں قبضے میں لی گئی ہیں۔
قبضے میں لئے گئے ہتھیاروں میں کلاشنکوف، گنز، رائفلز، پسٹلز اور ریوالور سمیت دیگر ہتھیار شامل ہیں، زائد المعیاد اسلحہ لائسنس کی بنیاد پر 22 اسلحہ ڈیلرز کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔