پنجاب، سندھ، بلوچستان میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Last Updated On 29 July,2019 03:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے، پنجاب، سندھ، بلوچستان میں برکھا رت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا، پنجاب، سندھ، بلوچستان میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی، شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف و اندوز ہونے لگی۔

پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، کندیاں، میانوالی، چونیاں اور گردونواح میں بھی باران رحمت وقفہ وقفہ سے ہوتی رہی۔

اُدھر سیالکوٹ میں دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 27 ہزار 702 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کا اخراج ایک لاکھ دو ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 11 ہزار 868 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔

کندیاں میں بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے، چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، بیراج میں پانی کی آمد 273030 لاکھ کیوسک، اخراج 262842 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

چنیوٹ میں بھی دریا چناب کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب کی صورتحال کنٹرول میں ہے، نشیبی علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ 80000 کیوسک کا ریلہ چناب پل سے گزر رہا ہے، دریائے چناب کے مقام پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس نے دریا میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی۔

دوسری طرف کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، شہر قائد کے مختلف علاقوں ایئر پورٹ، شارع فیصل، صدر لکی سٹار اور گردو نواح میں بونداباندی ہوئی۔ آئی آئی چندریگر روڈ، فیروز آباد، پی ای ایچ ایس، گلستان جوہر، گلشن اور گردونواح میں بھی بوندا باندی ہوئی۔

ہلکی باران رحمت مختلف علاقوں کیلئے زحمت بن گئی، بارش شروع ہوتے ہی بجلی معطل ہوئی۔ ڈیفنس فیز 8، لسبیلہ، نارتھ ناظم آباد، گارڈن، صدر، گرومندر،لائنزایریا، پی ای سی ایچ ایس میں دوران بارش بجلی بند رہی۔

حیدر آباد میں بارش کی پہلی بوند کیساتھ بجلی بند ہو گئی، حیسکو ریجن کے 530 فیڈرز میں سے 89 بند پڑے ہیں، حیدر آباد سٹی کے 99 فیڈرز میں سے 65 فیڈرز سیفٹی صورتحال کے سبب بند کر دیئے گئے، حیسکو ریجن کے حیدرآباد سٹی سرکل، لاڑ سرکل، نوابشاہ سرکل اور میرپور خاص سرکل سمیت ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دریں اثناء اندرون سندھ سیہون، لاڑکانہ، ٹنڈو اللہ یار، میرپور خاص اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف و اندوز ہوتی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں منگل تک طوفانی بارشوں ہو سکتی ہیں، اُدھر میری ٹائم انفارمیشن نے فشریز، کے پی ٹی، پورٹ قاسم، ماہی گیروں کو الرٹ کر دیا ہے، مون سون کا سسٹم آئندہ 48 گھنٹےمیں میدانی علاقوں کارُخ کرے گا۔
 

Advertisement