شدید بارش نے سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں تباہی مچا دی

Last Updated On 29 July,2019 05:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حیدر آباد، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین اور ٹنڈو محمد خان میں شدید بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ دوسری طرف چترال کے گاؤں پارکو میں سیلابی ریلے نے بربادی کر دی۔

 

تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ حیدر آباد میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ نظام زندگی مفلوج ہونے سے لوگ مسائل سے دوچار ہیں۔

ادھر جامشورو میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ بارش سے پہاڑی علاقوں کا پانی شہر میں داخل ہو گیا ہے۔ انڈس ہائی وے اور ریلوے سٹیشن بھی ڈوب چکے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

بدین میں رات سے برستی بارش کے بعد مسائل ہی مسائل ہیں۔ سڑکیں، گلیاں ڈوبی ہوئی ہیں جبکہ دفاتر اور گھروں میں پانی جمع ہے۔ سکول جانیوالے بچوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث ندی نالوں میں بھی طغیانی آ گئی جس سے علاقے میں نظام زندگی درہم برہم ہے۔

بادل برسنے کے بعد ٹنڈو محمد خان کے نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔ چاندنی چوک، اناج منڈی اور شاہی بازار میں پانی جمع ہے، لوگ مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ نوابشاہ اور ٹھٹھہ میں بھی بادل جم کر برسے جس سے سڑکیں تالاب بن گئیں، انتظامیہ کی غفلت کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اپر چترال میں گھورو نالے میں سیلاب سے پارکوسپ گاؤں کا راستہ بند ہو گیا۔ ایک پل اور پانی کی لائن بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس سے ہر طرف تباہی پھیل گئی۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی میرپور خاص، ٹھٹھہ، حیدر آباد،نوابشاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بھی ابر کرم برسنے کا امکان ہے۔