کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی نہ نکالا جاسکا، اب بھی بیشتر مقامات پر سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، انتظامیہ موٹریں لگا کر غائب ہے۔
شہر قائد میں بارش تھمنے کے باوجود نشیبی علاقے اب بھی پانی سے بھرے ہیں، ڈرگ روڈ انڈر پاس ڈوبا ہوا ہے جس سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، عوام انتظامیہ کی کارکردگی پر نالاں ہیں۔
شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، یونیورسٹی روڈ، ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کے بعد صورتحال جوں کی توں ہے، انتظامیہ غائب نظر آرہی ہے، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔
کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام بھی کراچی والوں کیلئے دوہرے عذاب کا باعث بنا، نیو کراچی، النور سوسائٹی، اورنگی ٹاون اور لانڈھی میں شہریوں نے رات جاگ کر گزار ی۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے واقعات لیاری، بلدیہ ٹاؤن، قیوم آباد، آگراہ تاج کالونی میں پیش آئے جس میں 9 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے.
آج کراچی سمیت سندھ بھرمیں تعلیمی ادارے بند ہیں، وفاقی اردو یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کراچی میں بارش کا سلسلہ آج اور کل بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس سے مزید صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔