بارش سے کراچی میں صورتحال سنگین، کئی علاقوں سے پانی نہ نکالا جاسکا

Last Updated On 31 July,2019 09:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، دو روز بعد بھی صورتحال سنگین ہے، بارش کا پانی کے ڈی اے گرڈ سٹیشن میں داخل ہوگیا، پاک فوج بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے تیسرے روز بھی پانی نہ نکالا جاسکا۔ بارش کا پانی کے ڈی اے گرڈ سٹیشن میں داخل ہوگیا جس سے سکیم نمبر 33 کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔ نشیبی علاقے تالاب بنے ہوئے ہیں، ہرجگہ سیلابی صورتحال ہے، پانی کی نکاسی کا کوئی راستہ نہیں، لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف سیلابی ریلہ سپر ہائی وے تک پہنچ گیا۔ مویشی منڈی بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، بیوپاری اذیت سے دوچار ہیں۔ پاک فوج کے دستے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید بارشوں کا نیا الرٹ جاری کر دیا آج سے جمعے تک شدید طوفانی بارش ہوگی۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا میں بھی گرج چمک کے ساتھ جم کر بادل برسیں گے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی ابر کرم برسے گا۔ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
 

Advertisement