کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے کراچی کو دو ہفتوں میں صاف کرنے کے مشن کا اعلان کیا ہے، ساتھ ہی سعید غنی کے استعفی کا مطالبہ بھی کر دیا۔
وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر علی زیدی کو کراچی صاف کرنے کا خصوصی ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے حالیہ بارشوں میں کرنٹ سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے کے الیکٹرک سے کیش گرانٹس دلوانے، کراچی کی تقدیر بدلنے اور شہریوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کا عزم کیا ہے۔
وزیر جہاز رانی و بندرگاہ نے کہا کہ کراچی کو صوبائی حکومت کے تعاون کے بغیر صاف کر کے دکھائیں گے، صوبائی حکومت ناکام ہو چکی، وزیر بلدیات سعید غنی استعفی دیں۔
حکومتی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کوڑا پھینک کر انہیں ذمہ داری کا احساس دلانا چاہتے تھے، شہر قائد کو صاف کرنے کیلئے عوام کو دست و بازو بنائیں گے۔