سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے خلاف حریت قیادت نے عالمی برادری اور خاص طور پر امت مسلمہ کو جھنجھوڑ ڈالا۔ میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کیے جائیں، کسی کو بھی کشمیریوں کا حق نہیں چھیننے نہیں دیں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم وجبر کے خلاف حریت قیادت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، میر واعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کیے جائیں۔ مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت میں چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دیں گے، چاہے بھارت کی سپریم کورٹ ہی کیوں نہ ہو، کسی کو بھی کشمیریوں کا حق چھیننے نہیں دیں گے۔
بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارت انسانی تاریخ کا سب سے بڑا قتل عام کرنے جا رہا ہے، اگر ہم شہید اور آپ خاموش رہے تو اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہوگا، اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔
سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں کشمیر کے تشخص کو بچانے کیلئے جینے مرنے کا سوال ہے، وادی میں بڑی کارروائی ہونے جا رہی ہے۔ سابق وزیراعلٰی عمرعبداللہ نے ٹویٹ کی کہ کچھ دنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ٹورازم کی صنعت کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔