مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے: وزیر خارجہ

Last Updated On 04 August,2019 09:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون خطے کا امن تباہ کر رہا ہے۔ ہمسایہ ملک مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام ’’سوال عوام کا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، امریکی ثالثی پر بھی آگے نہیں بڑھنا چاہتے تو ہم بھی دیکھیں اور کیا راستے ہیں۔ پاکستان نے پہلے ہی اس خدشے کو محسوس کر دیا تھا کہ بھارت کوئی اس طرح کی حرکت کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر کشیدگی: وزیر خارجہ کا یو این سیکرٹری جنرل کو خط

 

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کوخط لکھ کر آگاہ کر دیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر کوئی غیر معمولی حرکت ہو سکتی ہے، لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزی کر کے بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے جس پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بتایا تھا کہ ہمیں تشویش ہے۔ اس تشویش میں اضافہ اس لیے بھی ہو گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر دشمن کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے۔

 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بتانا چاہتا ہوں کلسٹر بم کا استعمال جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ یہ نوبت پہلے نہیں آئی تھی کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم استعمال کرے، عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سے مقبوضہ وادی کی صورتحال بگڑ رہی ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا کہ بھارتی فوج کے ہاتھ سے کشمیر نکل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کوئی ایسا واقعہ ہو جس سے پاکستان کیخلاف انگلیاں اٹھیں اور سفارتی محاذ پر ایک مرتبہ پھر پاکستان پر دباؤ آئے اور بعد میں ہم سب کے سامنے صفائیاں پیش کرتے رہیں۔ ہمم سفارتکاری کے ذریعے اس صورتحال سے نکل سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ثالثی کی پیشکش کی ہے، مودی سرکار اس پر بھی آگے نہیں بڑھنا چاہتے اور مقبوضہ وادی سمیت ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنائے رکھتے ہیں تو پاکستان کے پاس کیا آپشن ہیں۔ عالمی برادری کو بھارت پر زور ڈالنا ہو گا اور سوچ و بچار کے بعد ایک ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا تاکہ نئی دہلی مذاکرات کی میز پر آئے۔

 

شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو خط

دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے۔ جسے سلامتی کونسل کے اراکین تک پہنچا دیا گیا۔

ایل او سی پر بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملوں کے بعد وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو خط لکھا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھا کا کہنا ہے کہ خط میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال، بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ، اور ایل او سی پر اشتعال انگیزی سے متعلق لکھا گیا۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خط میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر کا اسٹیٹس بدلنے کی کوشش پر تشویس کا اظہار کیا گیا، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کی کوشش سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔

ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلے جانے کے ہر اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔ امن کے لیے عالمی برادری اور اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر خارجہ کا او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے رابطہ کا فیصلہ

حریت رہنما کے ٹویٹ کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے رابطہ کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خارجہ او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کو کشمیر میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ جنرل سیکرٹری سے کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے بھرپور کردار کا مطالبہ کریں گے۔

شاہ محمود اس پہلے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوبھی تفصیلی خط لکھ چکے ہیں، خط میں بھارتی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ٹویٹ میں مقبوضہ وادی میں بڑھتی بھارتی جارحیت پر ایس او ایس کال دی ہے۔ ٹویٹ میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرے کا اظہار کیا ہے۔ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھیں گے۔