نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا اور روس کے درمیان سرد جنگ کے زمانے کا معاہدہ ختم ہو گیا۔ امریکا نے درمیانے فاصلہ تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں کی روک تھام سے متعلق معاہدے کو باضابطہ طورپر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایسے معاہدے کا حصہ نہیں رہیں گے جس کی دوسرے فریق خلاف ورزی کریں۔
ماہرین کے مطابق معاہدے کے ختم ہونے سے امریکا اور روس کے درمیان ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہو جائے گی، آئی این ایف ٹریٹی پر 1987ء میں امریکی صدر رونلڈ ریگن اور سویت رہنما میکائل گوربا چوف نے دستخط کئے تھے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت 500 سے 5500 کلومیٹر تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں پر پابندی لگا دی گئی تھی، رواں سال کے آغاز پر امریکا اور نیٹو نے روس پر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔
غیرملکی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اگر 2 اگست تک روس معاہدے کی تعین کردہ حدود میں واپس نہ آیا تو امریکا اس سے دستبردار ہو جائے گا۔