نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کے لیے اڑھائی ارب ڈالر کی رقم فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فوری اڑھائی ارب ڈالر جاری کیے جائیں۔ اس سے قبل ریاست کیلی فورنیا کی وفاقی عدالت نے ٹرمپ حکومت کو رقم سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے سے کہہ کر روک دیا تھا کہ کانگریس نے رقم اس مقصد کے لیے مختص نہیں کی۔
وفاقی عدالت کے فیصلے کیخلاف ٹرمپ حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس نے اپنے فیصلے میں ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے نو میں سے 5 ججز نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ 4 ججز نے مخالفت کی۔
اعلیٰ عدالت کے اکثریتی فیصلے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو فنڈز سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے کی اجازت ہو گی۔
Wow! Big VICTORY on the Wall. The United States Supreme Court overturns lower court injunction, allows Southern Border Wall to proceed. Big WIN for Border Security and the Rule of Law!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) July 26, 2019
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ دیوار کی تعمیر پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ رد کردیا اور دیوار کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ یہ سرحدی سکیورٹی اور قانون کی حکمرانی کی بڑی فتح ہے۔
عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت یہ موقف ثابت کرنے میں کامیاب رہی کہ فنڈز کے استعمال کے خلاف عدالت جانے والے مقدمہ دائر کرنے کے مجاز ہی نہیں تھے کیوںکہ اس فیصلے سے براہِ راست متاثر نہیں ہوتے۔
فنڈز کے استعمال کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کی عہدیدار گلوریا اسمتھ نے عدالتی فیصلے کے بعد کہا کہ فوجی مقاصد کے لیے مختص فنڈز دیوار کی تعمیر پر لگانے سے کیلی فورنیا، نیو میکسیکو اور ایریزونا کی رہائشی آبادیاں اور زمینیں تباہ ہوجائیں گی۔
ڈیموکریٹ ارکان کے مطابق صدر کا اقدام اختیارات سے تجاوز ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی سے مسلسل انکار کے بعد پاس ہنگامی حالت کے نفاذ کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 ارب ڈالرز طلب کیے تھے جسے ڈیموکریٹس کی سخت مخالفت کے باعث کانگریس نے منظور نہیں کیا تھا۔