سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سیّد خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی پوری کوشش ہے کہ وہ خطہ کا امن خراب کرے۔ خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن غلامی قبول نہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دشمن کو خود بار بار مبارکبادیں دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی ہوئی ہے۔ بھارت نے جو حرکت کی وہ افسوسناک ہے۔ عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کا یا ریاست کا مسئلہ آئے گا تو 22 کروڑ عوام ایک ساتھ کھڑی ہو گی۔ خطے میں امن چاہتے ہیں مگر غلامی قبول نہیں، ہمارا ہر شہری ایٹم بم کی طاقت رکھتا ہے۔
خورشید شاہ کا کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں ہمیں خود طاقتور بننا ہوگا، ٹرمپ تو بس لالی پاپ ہی دیتا ہے، ہمیں اس کی پالیسی پر نہیں جانا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں۔ پارلیمنٹ پاکستان کا بہت بڑا ہتھیار ہے۔ سب کو واضح بتانا چاہتے ہیں کہ کبھی کسی کی بالا دستی قبول کی اور نہ کریں گے۔