اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ قوم ابھی تک نہیں بھولی کہ رینٹل پاور کیس میں خواجہ آصف کی وجہ سے ملک کو 6 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون اپنی صفوں میں کالی بھیڑوں کو تلاش کرنے سے کیوں گریزاں ہے؟ پیپلزپارٹی کے تمام سینیٹرز نے اپنے استعفے چیئرمین کو پیش کردئیے۔
مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپنے سینیٹرز سے استعفی تک نہ لے سکی، خواجہ آصف کی جانب سے اپوزیشن اتحاد میں تفریق پیدا کرنے کی کوششیں باعث شرم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف بتائیں کہ وہ کس کے اشاروں پر کام کررہے ہیں۔
دوسری طرف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی راہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے الزام تراشیوں سے گریز کیا جائے۔ جب تک پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ نہ آجائے، کوئی بیان بازی نہیں کرے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلزپارٹی اپنے تحفظات سے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کرے گی۔ اے پی سی میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ خواجہ آصف کی طرف سے کہا گیا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ میں عدم اعتماد برقرار ہے اور دونوں جماعت کے اعتماد میں مزید دراڑیں پڑیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری کی افطار پارٹی میں (ن) لیگ کے بڑے وفد کی شرکت پر اعتراض تھا۔
خواجہ آصف نے پیپلزپارٹی کے سینیٹرز کی جانب سے استعفے جمع کرانے کو ڈرامے بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ڈرامے بازی کے سوا کچھ نہیں، سیاستدان استعفے جمع کرانے کی ڈرامے بازی کرتے رہتے ہیں جیسے دھرنے کے دوران پی ٹی آئی نے استعفے دیے لیکن انہوں نے واپس لے لیے، اب پتہ تب چلے گا جب پی پی کے سینیٹرز اپنے استعفے سینیٹ میں جمع کرائیں گے۔