اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف قرارداد کی ناکامی کے بعد دغا بازی کرنے والے ارکان کا سراغ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے معاملے کی چھان بین کے لئے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو نے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جس کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کر دیا جائیگا۔ کمیٹی میں چاروں صوبوں سے پارٹی کے رہنما شامل ہوں گے۔
اس حوالے سے مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے تمام ارکان نے استعفے جمع کرا رکھے ہیں، پیپلز پارٹی کے تمام ارکان کی جانب سے استعفے جمع کرانا ایک اہم فیصلہ ہے۔