اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہو گا جس میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
کمیٹی کا اجلاس اکرم خان درانی کی صدارت میں شام 4 بجے اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کے چیمبر میں ہو گا جس میں رہبر کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔
اجلاس میں چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کمیٹی اراکین کو آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چیئرمین سینٹ کی تبدیلی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی جبکہ حکومتی اتحادی اراکین سے ہونے والے رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، مسلم لیگ ن کے سینٹرز کا اجلاس بھی دن ایک بجے طلب کیا گیا ہے۔