اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کیسز ہمارے لیے نیا ایشو نہیں، سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیس بنا کر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت اور اس نظام کو نہیں مانتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا ہے کہ ہم نے آمرانہ دور کا مقابلہ کیا، ہم نے ایوب خان، ضیاء اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا۔ پاکستان میں نظریے کا مقابلہ نہیں کیا جاتا، کٹھ پتلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری بہادر سیاستدان ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کسی دور میں کوئی بھی سیاسی قید نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں، کل میں نے یا کسی وزیر نے گرفتاری کا حکم نہیں دیا۔ پی ٹی آئی ایم این اے عالمگیر خان سے انتقام نہیں لیا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے کسی کی عزت نہیں کرتے، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی کی، مولانا صاحب کی حکومت آ گئی تو وزیراعظم عمران خان کا پتہ نہیں کیا حالت ہو گی۔ 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتیں اپنے طور پر بھی احتجاج کر رہی ہیں۔ جولائی کوملک بھرمیں شاندارجلسے کیے گئے۔ عدالتوں کا سامنا کرنا پیپلزپارٹی کے لیے نئی بات نہیں۔ مقدمات میں سرخرو ہونگے۔