کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کے مفاد کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے ارکان سے رابطے کر رہی ہے، کوئی سودے بازی کی گئی تو اس کا انجام عبرتناک ہوگا۔ ہمارے امیدواروں کو پیسوں کی آفر کی جا رہی ہے۔ ہمارے ارکان پیسے ان سے لے لیں لیکن ووٹ ہمیں دیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں صاف نظر آ رہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو ہی ہونگے۔ گھوٹکی الیکشن ٹریلر ہے، جس نے کٹھ پتلی حکومت کا ساتھ دیا، ان کا مقدر شکست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے معاشی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، جمہوریت پسند جماعتیں مل کر کل یوم سیاہ منائیں گی، میں اپیل کرتا ہوں کہ کل سب لوگ مل کر باہر نکلیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا موڈ بدلتا رہتا ہے، وزیراعظم کی کوشش کو سپورٹ کرتے ہیں، اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کے مفاد کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ دنیا میں یہ پیغام نہیں جانا چاہیے کہ ہمارا وزیراعظم جھوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی مفادات کو ترجیح دی جائے، بیرون ملک جا کر وزیراعظم کو میڈیا کے حوالے سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے تھا۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت سی پیک کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے چین کیساتھ دوستی کی بنیاد رکھی تھی۔ پیپلز پارٹی سی پیک پر بالکل کمپرومائز نہیں کرے گی۔