سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی حکومت کیلئے پلی بارگین مانگتے رہتے ہیں۔ این آر او کی ضرورت اپوزیشن کو نہیں، ان کو ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی بھی اپوزیشن ممبر نے این آر او یا پیسے دینے کی بات نہیں کی لیکن عمران خان ہر دفعہ یہ بات کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرنے سے پہلے الیکشن ریفارمز کرنی چاہیے۔ اگر الیکشن ریفارمز کے بغیر الیکشن ہوگا تو فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے۔ شہیدوں کے خون سے سودے بازی نہیں کرونگا۔ امید کرتا ہوں کہ حاصل بزنجو چیئرمین سینیٹ منتخب ہو جائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔ نیا چیئرمین سینیٹ اتفاق رائے سے لانا اپوزیشن کا حق ہے۔ حکومت نے اگر سینیٹ الیکشن میں دھونس اور دھاندلی کی کوشش کی تو بے نقاب کریں گے۔