چیئرمین سینیٹ خود مستعفی ہو جائیں، بلاول بھٹو کا مطالبہ

Last Updated On 09 July,2019 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خود ہی مستعفی ہو جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان چلانا کرکٹ میچ نہیں، ایوان کے اندر سے جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کرنا پارلیمنٹ پر حملہ ہے۔ قانون کے مطابق سپیکر ہم پر ایسی پابندی نہیں لگا سکتے۔ جمہوریت پسند لوگوں کو مجبور کرینگے تو انارکی پھیلے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کے اتفاق رائے سے چیئرمین سینیٹ لانا چاہتے ہیں، اگر اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار چیئرمین سینیٹ بنا تو ہماری جیت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو ہم اتفاق رائے سے لے کر آئے لیکن اب صورتحال مختلف ہے۔ اب اپوزیشن اور حکومت کسی اور کے پاس ہے۔ صادق سنجرانی کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ معاشی صورتحال پر تعاون کریں گے لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی۔ عوام دشمن بجٹ کو دھاندلی کرکے پاس کروایا گیا۔

احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو اس کیس کو دیکھنا چاہیے کہ فیصلہ دباؤ کی وجہ سے تو نہیں ہوا؟