میرے پورے خاندان کو جیل میں ڈال دو، جمہوری نظام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: بلاول

Last Updated On 08 July,2019 08:47 pm

لوئر دیر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اٹھارویں ترامیم ختم اور این ایف سی ایوارڈ کو کم کرنا چاہتی ہے لیکن اگر میرے پورے خاندان کو بھی جیل میں ڈال دیں تو پھر بھی جمہوری نظام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہتا ہے جس نے عوام کے حقوق کے لیے قربانی دی ہو۔ دوسری طرف عوام کے حقوق چھیننے والوں کا نام لینے والا کوئی نہیں، آج بھی ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپی آمریت سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے آئین دیا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، بھٹو نے زرعی اصلاحات کرکے لوگوں کو روزگار دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا مقابلہ  سلیکٹڈ  وزیراعظم سے ہے۔ عدلیہ کی آزادی کی بات کرنے والا اسی عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ پہلے ہی سال لوگ عمران کی حکومت جانے کی دعا کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اٹھارویں ترامیم ختم اور این ایف سی ایوارڈ کو کم کرنا چاہتی ہے لیکن میرے خاندان یا پوری پارٹی کو جیل بھیج دیں، جمہوری نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومتی نالائقیوں کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا کم ٹیکس اکٹھا نہیں ہوا۔ عوام دشمن بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ وفاق کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں۔