اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں پی آئی اے کی بکنگ آفس ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پانچ دہائیوں سے لاڑکانہ کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانے کے بعد بھی حکمرانوں کا کلیجہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔ سلیکٹڈ وزیراعظم امتیازی پالیسیوں سے احساس محرومی کے نئے بیج بونا بند کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت نے لاڑکانہ کی عوام سے امتیازی برتاوَ کی انتہا کر دی ہے، لاڑکانہ میں پی آئی اے کی بکنگ آفس ختم کرنا عوام کو پیپلز پارٹی سے محبت کی سزا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ایک طرف کٹھ پتلی حکمران ملک میں سیاحت کو فروغ کے لیئے اقدامات کا ڈھنڈورا پِیٹ رہے ہیں، دوسری جانب دنیا کے ایک قدیم تاریخی ورثے موئن جو دڑو تک سیاحوں کو پہنچنے کی سہولیات ختم کی جا رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم امتیازی پالیسیوں سے احساس محرومی کے نئے بیج بونا بند کریں، قوم ابھی تک آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے بوئے ہوئے عذابوں کو بھگت رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر رحم کریں ملک کے ہر کونے کی عوام کو ایک آنکھ سے دیکھنے کی ضرورت ہے، لاڑکانہ کی عوام کو 40 سالوں سے حاصل سہولت ختم نہ کی جائے، پی آئی اے بکنگ آفس ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے۔