اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور مریم نواز کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں صادق سنجرانی کو ہٹانے کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ ن لیگ نے صادق سنجرانی کو ہٹانے کے بعد نئے چیئرمین سینیٹ کیلئے 4 ناموں پر غور شروع کر دیا ہے جن میں راجا ظفر الحق، مصدق ملک، پرویز رشید اور حاصل بزنجو کے نام شامل ہیں۔
امیدوار کے نام کا اعلان جمعرات کو رہبر کمیٹی اجلاس کے بعد ہوگا۔ اجلاس میں صادق سنجرانی کیخلاف تحریک کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں کی شرکت بھی متوقع ہے جو 25 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کیلئے باہمی مشاورت کریں گے۔ اجلاس میں رہبر کمیٹی کے آئندہ سیاسی کردار سے متعلق فیصلے بھی کئے جائیں گے۔