وزیر اعلیٰ سندھ کا مختلف علاقوں کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ

Last Updated On 28 July,2019 03:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ صبح سویرے اچانک شہر قائد کے دورے پر نکل پڑے اور گارڈن، لسبیلہ، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی پر نالوں کی صفائی اور اورنگی ٹاؤن میں ییلولائن کے زیر تعمیر کام کا معائنہ بھی کیا، کام میں سست روی پر وزیراعلیٰ سندھ سخت برہم ہوئے۔

مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کو نالوں کی صفائی کے لیے پیسے دیئے تھے اور میئر نے کچھ کام کیا ہے، باقی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، برسات کے پانی کا مکمل کنٹرول ممکن نہیں، سندھ حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی نمبر 5 میں زیر تعمیر میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔ مراد علی شاہ نے فوری طور پر پروجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزراء سعید غنی اور اویس شاہ بھی شامل تھے۔