اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کی درخواست پر حلیم عادل شیخ اور علی نواز خان مہر کو گھوٹکی سے بیدخل کرنے کا حکم دے دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ جروار پولنگ اسٹیشن پہنچے جہاں وہ پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑے۔ پی ٹی آئی رہنما نے اہلکار پر دھکے دینے کا الزام بھی لگایا۔ حلیم عادل شیخ کی پولیس اہلکاروں سے الجھنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔
واقعے پر پیپلزپارٹی نے سخت موقف اختیار کیا اور معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا جس پر الیکشن کمیشن نے دعا بھٹو، حلیم عادل شیخ اور علی نواز خان مہر کو گھوٹکی سے بیدخل کرنے کا حکم دیا۔
ضمنی الیکشن کے دوران لڑائی کے واقعات بھی پیش آئے۔ جہانپور پولنگ سٹيشن پر پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار کے حامی آمنے سامنے آئے جس میں دو افراد زخمی ہوئے۔ پولنگ سٹیشن 211 پر ھی جھگڑا ہوا، پولیس نے آکر صورتحال پر قابو پایا۔
ادھر رینجرز نے ایم پی اے علی نواز مہر کی گاڑی سے ڈنڈے برآمد کرلیے۔