قبائلی اضلاع میں الیکشن: گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عوام کو مبارکباد

Last Updated On 20 July,2019 06:49 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے پہلے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قبائلی عوام کومبارکباد دی ہے۔

 

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کا آخری مرحلہ بھی طے کر لیا گیا، ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا سفر شروع ہو گیا ہے، یہ تاریخ ساز کامیابی قبائلی عوام کی سماجی و معاشی ترقی کی ضامن ہے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو صوبائی اسمبلی میں بھی نمائندگی حا صل ہو گئی ہے جس سے ان کے مسائل مزید بہتر طریقے سے حل ہوں گے، اس فورم سے مستقبل میں قبائلی عوام پورے ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور عزت و وقار کے حوالے سے ہر فیصلے کا حصہ بن چکے ہیں۔

شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ یہ مقام حاصل کر نے کیلئے قبائلی عوام ایک طویل و صبر آزما دور سے گزرے ہیں۔ امید ہے اب قبائلی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔

دوسری طرف وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان نے بھی ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب انتخابات پر الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قبائلی علاقہ جات میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابات تاریخی کارنامہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات پی ٹی آئی کے ویژن اور کوششوں کی کڑی ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم اور پاک فوج کا کردار لائق تحسین ہے، خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے این ایف سی ایوارڈ میں سے 11 ارب روپے قبائلی علاقہ جات کو دئیے ہیں، قبائلی علاقہ جات میں انتخابات کے مثبت اثرات پورے پاکستان پر مرتب ہوں گے۔