اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ اٹھائیس لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاک فوج نے سیکورٹی کے لیے پولنگ سٹیشنز کا کنٹرول سنبھال لیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم قاسم اور اے ڈی جی الیکشنز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ پولنگ کے لیے کل اٹھارہ سو ستانوے پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ پاک فوج کے جوان انتہائی حساس پانچ سو چون پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر جبکہ دیگر تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔
سولہ نشستوں کے لئے اٹھائیس لاکھ ایک ہزار آٹھ سو چونتیس ووٹرز کے لئے اٹھائیس لاکھ اکانوے ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے۔