اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ارکان سینیٹ کے مالی سال 19-2018ء کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ، مسلم لیگ ن کے پرویز رشید غریب ترین سینیٹرز میں شامل اور تحریک انصاف کے اعظم سواتی ایک ارب 30 کروڑ روپے مالیتی اثاثوں کے مالک ہونے پر امیر ترین سینیٹر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی 10 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا 26 کروڑ 52 لاکھ روپے کے مالک نکلے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثہ جات کی تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے اعظم سواتی امیر ترین سینیٹرز میں شامل ہیں جو ایک ارب 85 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔سینیٹر تاج آفریدی ایک ارب 30 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ مسلم لیگ ن کے پرویز رشید غریب ترین سینیٹرز میں شامل ہںا جن کے اثاثوں کی مالیت صرف 23 لاکھ روپے ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی 10 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا 26 کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد اورقائد ایوان شبلی فراز 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے۔ وزیرقانون فروغ نسیم 48 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے 31 لاکھ کے اثاثے، سینیٹر طلحہ محمود 33 کروڑ 26 لاکھ روپےسے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
حکومتی رکن فیصل جاوید کے ایک کروڑ 83 لاکھ روپےسے زائد کے اثاثے، سینیٹر آصف کرمانی 4 کروڑ 34 لاکھ مالیت کے اثاثوں کے مالک اور سینیٹر ولید اقبال 13 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان 25 کروڑ، مشاہداللہ 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کے اثاثوں کی ملکیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم کے 33 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں، اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق کےایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں انھوں نے 7 جائیدادوں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ رحمان ملک 8 کروڑ،مصطفی نواز کھوکھر کے 17 کروڑ 47 لاکھ سے زائد مالیت کے اثاثے ،فاروق ایچ نائیک کے 9 کروڑ،رضا ربانی 12 کروڑ 32 لاکھ روپے کے اثاثےرکھتے ہیں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اراکین کے بھی گوشوارے جاری کئے تھے جن کے مطابق وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو 1 ارب 54 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک اور دبئی میں دو ولاز کے شیئرز بھی رکھتے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک اور دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں لیکن ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔ آصف علی زرداری کے پاس 1 کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور جبکہ 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی رکھتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے، ان کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے جن میں لندن فلیٹ بھی شامل ہے۔