اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے گرفتار دو امیدواروں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
کمیشن نے قرار دیا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد گرفتاری قبل از انتخاب دھاندلی اور مخالفین کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔ ان امیدواروں کے خلاف انتخابات کے بعد قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 113 جنوبی وزیرستان سے امیدوار محمد عارف اور پی کے 114 جنوبی وزیرستان سے محمد اقبال ریاست مخالف تقاریر پر ایم پی او کے سیکشن تین کے تحت گرفتار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا ہے کہ امیدواروں کو ایف آئی آر اندراج کے وقت نہیں شیڈول اجرا کے بعد گرفتار کیا گیا۔ شیڈول کے بعد گرفتاری قبل ازوقت دھاندلی اور مخالفین کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔
ان امیدواروں کے خلاف انتخابات کے بعد قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ دونوں امیدواروں کیخلاف پولنگ ڈے تک ایم پی او کا سیکشن 3 ختم کیا جائے۔